news
آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا برطانیہ کا دورہ | جدید ٹیکنالوجی اور عسکری تعاون
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے برطانیہ میں وار منسٹر اور لارک ہل گیریژن کا دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے برٹش آرمی کے سسٹم اور اے آئی ٹیکنالوجی کا مشاہدہ کیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، آرمی چیف نے برطانوی آرمی چیف جنرل رولینڈ واکر کی دعوت پر یہ دورہ کیا۔
دورے کے دوران آرمی چیف کو برطانوی فوج کے جدیدیت کے منصوبے اور ڈیپ ریکی اسٹرائیک بریگیڈ کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے مصنوعی ذہانت اور بغیر پائلٹ سسٹمز سمیت جدید ٹیکنالوجیز کا بھی مشاہدہ کیا۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر پہلے ہی برطانیہ پہنچ چکے تھے۔
وہ رائل ملٹری اکیڈمی سینڈہرسٹ میں منعقدہ ساتویں ریجنل اسٹیبلائزیشن کانفرنس میں شرکت کریں گے۔
یہ کانفرنس رائل ملٹری اکیڈمی سینڈ ہرسٹ میں ہو رہی ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق، آرمی چیف کانفرنس میں ابھرتے ہوئے عالمی نظام اور پاکستان کے مستقبل کے موضوع پر کلیدی خطاب کریں گے۔ کانفرنس میں دونوں ممالک کے پالیسی ساز، سول و عسکری قیادت اور تھنک ٹینکس کے نمائندگان بھی شرکت کریں گے۔