news
وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ: کرم میں فساد کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ کُرم میں فساد کرنے والے بچ نہیں سکیں گے، ہم کسی کو نہیں چھوڑیں گے۔ تفصیلات کے مطابق، وزیراعلیٰ نے پشاور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کُرم کا مسئلہ سو سال سے زیادہ پرانا ہے، یہ صرف زمینی تنازع نہیں بلکہ فرقہ ورانہ مسئلہ بھی ہے۔ ہمیں لسانیت اور فرقہ واریت میں الجھایا گیا ہے، اور وہاں بیرونی قوتیں سرمایہ کاری کر رہی ہیں۔ کُرم روڈ کو محفوظ بنانے کے لیے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جا رہے ہیں، اور ہم سخت کارروائی کریں گے۔
علی امین گنڈاپور نے مزید کہا کہ ملک اور صوبوں کی معیشت کو منظم کرنا ضروری ہے، ہمیں خود مختار ہونا ہے اور حلال رزق کمانا ہے۔ صوبے میں انڈسٹری کے آغاز پر زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں گی، اور اوورسیز کے لیے رقم کی منتقلی میں مزید آسانیاں پیدا کی جائیں گی۔ خیبر بینک کے ذریعے اوورسیز اب آسانی سے رقم منتقل کر سکتے ہیں، اور ہم خیبر بینک کے نظام کو اسلامی بینکنگ پر منتقل کر رہے ہیں، تاکہ عوام اس کے تمام فوائد حاصل کر سکیں۔
یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت نے ضلع کرم میں بگڑتی ہوئی امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر لوئر کرم کے چار دیہات خالی کرانے کا فیصلہ کیا ہے، جہاں شرپسند عناصر موجود ہیں۔