news
ٹیسلا بھارت میں ملازمتوں کا آغاز
الیکٹرک گاڑیاں بنانے والی کمپنی ٹیسلا نے بھارت میں لوگوں کو ملازمت دینے کا عمل شروع کر دیا ہے۔ یہ اقدام ٹیکنالوجی کے ٹائیکون ایلون مسک کی بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کے چند دن بعد سامنے آیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق، ٹیسلا نے اپنی ویب سائٹ پر نئی دہلی اور اقتصادی مرکز ممبئی کے لیے اسٹور مینیجر اور سروس ٹیکنیشنز سمیت ایک درجن سے زائد اسامیوں کی فہرست جاری کی ہے، اور یہ ملازمت کی فہرستیں روزگار کی ویب سائٹ لنکڈ ان پر بھی پوسٹ کی گئی ہیں۔
یہ پیشرفت ایلون مسک کی نریندر مودی سے واشنگٹن میں ہونے والی ون آن ون ملاقات کے بعد ہوئی ہے، جس کے بعد یہ سوالات اٹھے تھے کہ آیا دنیا کے سب سے امیر شخص بھارتی رہنما سے کس حیثیت میں مل رہے ہیں۔ ایلون مسک دنیا کے سب سے زیادہ آبادی والے ملک میں کاروباری مواقع تلاش کر رہے ہیں۔ گزشتہ سال کی میڈیا رپورٹ کے مطابق، وہ فیکٹری اور شو روم کے مقامات کی تلاش میں تھے اور انہوں نے بھارت میں اپنی سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروس “اسٹارلنک” کا آغاز کرنے کی کوشش کی ہے۔ نومبر میں وزیر مواصلات جیوترادتیا سندھیا نے کہا تھا کہ اگر کمپنی سیکیورٹی ضوابط کی تعمیل کرتی ہے تو اسے کام کرنے کی اجازت ملے گی۔