news
اسحاق ڈار: پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، معیشت میں بہتری
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ہم نے بے پناہ سیاسی سرمایہ گنوایا ہے، لیکن پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچانے میں کامیاب رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں مہنگائی کی شرح میں کمی آئی ہے۔ اگر 2017 میں میری بات پر عمل کیا جاتا تو ہمیں 5 سال تک کشکول لے کر نہیں پھرنا پڑتا۔ نیویارک میں اوورسیز پاکستانیوں سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم نے کہا کہ جو ملک 2017 میں 3 سال بعد دنیا کی 24ویں معیشت بن گیا تھا، وہ اب دیوالیہ ہونے کے قریب تھا۔
انہوں نے وضاحت کی کہ ملک میں حکومت کسی کی اجارہ داری نہیں بلکہ بار بار تبدیل ہوتی رہتی ہے، مگر ہر کسی کو پاکستان کی بہتری کے لیے کام کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر پچھلی حکومت معیشت کو 24 ویں سے 20 ویں نمبر پر لے جاتی تو وہ اس کی تعریف کرتے، مگر انہوں نے پاکستان کو 47 ویں معیشت بنا دیا، جس کی کوئی ستائش نہیں کی جا سکتی۔
2013 کے انتخابات سے قبل پاکستان کو معاشی عدم استحکام کا شکار ملک سمجھا جاتا تھا، مگر ہم نے الیکشن جیت کر صرف 3 سال میں اقتصادی اشاریے بہتر کر دیے تھے۔
کہا جا رہا تھا کہ پاکستان کو اپنے پیروں پر کھڑے ہونے میں 12 سے 15 سال لگیں گے، مگر الیکشن جیتنے کے بعد 3 سال کے قلیل عرصے میں میکرو اکنامک اشارئیے ٹھیک ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت آئی ایم ایف سمیت تمام مالیاتی اداروں کے سربراہان پاکستان آئے اور وزیراعظم نواز شریف سے ملاقاتیں کیں۔