news
پاکستان میں عالمی بینک کی 40 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ورلڈ بینک پاکستان میں 40 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا، جو کہ عالمی بینک کے کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک کے تحت ہوگی اور یہ ایک خوش آئند خبر ہے۔ شہباز شریف نے عالمی بینک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹرز کے وفد کی پاکستان آمد پر خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ عالمی بینک اور پاکستان کی شراکت داری گزشتہ سات دہائیوں سے جاری ہے۔ پاکستان نے عالمی بینک کے ساتھ مل کر کئی بڑے ترقیاتی منصوبے مکمل کیے ہیں، جنہوں نے ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ عالمی بینک نے 2022ء کے سیلاب کے دوران متاثرہ لوگوں کی بھرپور مدد کی، اور اب حالیہ کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک کے تحت 40 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری پاکستان میں ہوگی، جو کہ ایک خوش آئند پیش رفت ہے۔ اس میں سے 20 ارب ڈالر صحت، تعلیم، نوجوانوں کی ترقی اور دیگر سماجی شعبوں میں مختلف منصوبوں کے لیے مختص کیے جائیں گے، جبکہ آئی ایف سی کے تحت پاکستان کے نجی شعبے میں 20 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری سے ملکی معیشت کو تیز رفتار ترقی ملے گی۔
شہباز شریف نے کہا کہ وہ عالمی بینک کے حکومت کی پالیسیوں پر اعتماد کے لیے شکر گزار ہیں، اور پاکستان کے ادارہ جاتی و معاشی استحکام کی اہمیت پر زور دیا۔