news
وزیراعظم شہباز شریف اور نواز شریف کا ملکی معیشت و سیاست پر بیان
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سیاسی جھگڑوں سے نفرت پھیلتی ہے جو ملک کے لیے نقصان دہ ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی کے دور میں نفرت کا کلچر پروان چڑھا، جس نے ملک کو نقصان پہنچایا۔ باہمی اتفاق و اتحاد کے ذریعے ہی ملک کی ترقی ممکن ہے۔ ہم نیوز کے مطابق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب انہوں نے ملک کی باگ ڈور سنبھالی تو حالات انتہائی مشکل تھے۔ ملکی معیشت کو بہتر بنانے کے لیے دن رات محنت کی گئی ہے، اور اب بھی مزید محنت کی ضرورت ہے، لیکن عوام کو بہتر معیشت کے فوائد مل رہے ہیں۔
وزیر اعظم نے یہ بھی کہا کہ ہم نے سفارشی کلچر کو ختم کرنے کی کوشش کی ہے، مہنگائی کی شرح اب سنگل ڈیجٹ پر آ چکی ہے اور آنے والے دنوں میں مزید کمی متوقع ہے۔ مہنگائی کو کم کرنے میں پوری ٹیم کی کوششیں شامل ہیں۔ فوج ملکی سلامتی کے لیے جانوں کی قربانیاں دے رہی ہے، اور سرکاری افسران کو بھی دن رات محنت کرنی ہوگی۔ ملکی ترقی کے لیے تمام سٹیک ہولڈرز کو خلوص نیت سے کام کرنا ہوگا۔
اسی طرح مسلم لیگ ن کے صدر محمد نواز شریف نے کہا کہ کرپشن، معاشی تباہی، مہنگائی اور بدتمیزی ’تبدیلی‘ کی سوغاتیں تھیں۔ بدقسمتی سے ترقی کرتا ملک پٹری سے اتار دیا گیا، سیاست میں گند ڈال کر اسے تباہ کیا گیا۔ بدتہزیبی، بدتمیزی، بغض اور انتقام کو سیاست بنا دیا گیا، جس سے معیشت اور اقدار کو نقصان پہنچا۔