news
وزیراعظم شہباز شریف کا کلائمیٹ فنانسنگ اور اقوام متحدہ سے تعاون پر زور
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے کلائمیٹ فنانسنگ ایک اہم عنصر ہے، اور امید ظاہر کی ہے کہ ترقی یافتہ ممالک اس حوالے سے اپنے وعدوں کو پورا کریں گے۔ وزیراعظم سے پاکستان میں اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر محمد یحییٰ نے ملاقات کی، جس میں وزیراعظم نے 2022 کے سیلاب کے دوران عالمی حمایت اکٹھا کرنے میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرس کے کردار کی تعریف کی اور عالمی برادری اور اقوام متحدہ کے ساتھ قریبی تعاون اور شراکت داری کے عزم کا اعادہ کیا۔
دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی کنٹری ٹیم کی جانب سے پاکستان میں جاری کام کی تعریف کی۔
وزیراعظم نے پائیدار ترقی اور موسمیاتی تبدیلی کے شعبوں میں اقوام متحدہ کے ساتھ تعاون کو مزید مستحکم کرنے پر زور دیا۔ گفتگو کے دوران انہوں نے پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے مالیاتی فرق کو ختم کرنے اور عالمی مالیاتی ڈھانچے میں اصلاحات کے ذریعے ترقی پذیر ممالک کی آواز اور نمائندگی کو بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے ساتھ مختلف منصوبوں پر عملدرآمد کے ساتھ ساتھ موسمیاتی تبدیلی کے اہم مسائل پر کام جاری رکھے گا۔ شہباز شریف نے موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے عزم کا اظہار کیا۔