news
سینیٹ میں انسانی سمگلنگ اور بھکاریوں کی بیرون ملک ترسیل کے خلاف سخت قوانین منظور
سینیٹ نے انسانی سمگلنگ، بیرون ملک بھیک مانگنے اور نوعمر لڑکیوں کو جسم فروشی کے لیے بیرون ملک بھیجنے میں ملوث افراد کو سخت سزائیں دینے کے حوالے سے تین اہم بلز منظور کر لیے ہیں۔ سینیٹ میں پرامن جلسے کے حوالے سے بھی ایک قرارداد منظور کی گئی، جسے قائد حزب اختلاف شبلی فراز نے پیش کیا۔ اس قرارداد پر تحریک بھی پیش کی گئی جو منظور کر لی گئی۔ سینیٹر شیری رحمٰن کی زیر صدارت اجلاس میں وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے تینوں بلز پیش کیے۔
تینوں بلز متفقہ طور پر منظور کر لیے گئے اور کسی رکن نے مخالفت نہیں کی۔ بل پیش کرنے سے پہلے وفاقی وزیر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ غیر قانونی تارکین وطن لے جانے والی کشتیوں کے مسلسل حادثات ہو رہے ہیں، جبکہ پاکستان سے عمرہ زائرین کی آڑ میں بھکاری بیرون ملک جا کر ملک کی بدنامی کا باعث بن رہے ہیں۔ ان واقعات کی روک تھام کے لیے بلز پیش کیے جا رہے ہیں، جن کا مقصد ان جرائم میں ملوث افراد کو سخت سزائیں دینا ہے۔