news
پاکستان اور ترکی کے درمیان 24 معاہدے، تعلقات مزید مضبوط
ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکیہ کے برادرانہ تعلقات کی ایک طویل تاریخ ہے، اور پاکستان ہمارے لیے دوسرا گھر ہے، یہاں آ کر مجھے بہت خوشی محسوس ہوئی۔ قائداعظم محمد علی جناح اور علامہ اقبال ہمارے بھی رہنماؤں میں شامل ہیں، اور علامہ اقبال کی شاعری نے دنیا میں ایک انقلاب برپا کیا۔ شاعر مشرق کی شاعری ترکیہ کے لوگوں میں بہت مقبول ہے۔
اسلام آباد میں دونوں ممالک کے درمیان معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ عظیم قومیں ہیں اور دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ اس مقصد کے لیے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان 24 معاہدے کیے گئے ہیں، جن میں تجارتی، اقتصادی، دفاعی اور ثقافتی شعبوں میں تعاون کو فروغ دیا جائے گا، اور ترک سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی ترغیب دی جا رہی ہے۔
رجب طیب اردوان نے پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ترکیہ اس جنگ میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے اور دہشت گردی میں شہید ہونے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کرتا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان ادارہ جاتی تعلقات اور دوستی اس وقت اپنی بلند ترین سطح پر ہے، اور ہم تجارت، دفاع، توانائی اور ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں پاکستان کے ساتھ بھرپور تعاون کے لیے تیار ہیں، تاکہ پاکستان کی ترقی میں مدد مل سکے۔