news
اسلام آباد میں آذربائیجان-پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا افتتاح
اسلام آباد:
پاکستان نے سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں میں اضافے کے لیے ایک اور اہم سنگ میل عبور کر لیا ہے، جس کے تحت اسلام آباد میں آذربائیجان-پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا قیام عمل میں لایا گیا اور اس کا باقاعدہ افتتاح کیا گیا۔
وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ، نجکاری اور مواصلات عبدالعلیم خان اور آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف تقریب کے مہمانان خصوصی تھے۔
چیمبر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ آج کا دن آذربائیجان اور پاکستان دونوں ممالک کے عوام اور خاص طور پر بزنس کمیونٹی کے لیے بہت اہم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے مشترکہ چیمبر آف کامرس سے سرمایہ کاری کے معاملات ایک ہی جگہ طے کیے جا سکیں گے اور دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔
وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ پائیدار ترقی کا انحصار اسٹریٹجک تعلقات اور تعاون پر ہے، اور بے شمار مواقع ہمارے منتظر ہیں، جس سے تجارت اور جدت کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وہ گزشتہ ایک سال میں تین بار باکو کا دورہ کر چکے ہیں اور اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان اور آذربائیجان کا تعلق دونوں ممالک کے عوام کے دلوں سے جڑا ہوا ہے، اور مشترکہ تہذیب اور باہمی تعلقات میں گرم جوشی موجود ہے۔