news
بھارتی یوٹیوبر سمے رائنا مہاراشٹر سائبر سیل کی تحقیقات میں طلب
بھارتی کامیڈین کے یوٹیوب شو ’’انڈیاز گوٹ لیٹنٹ‘‘ میں نازیبا سوال کے معاملے پر مہاراشٹر سائبر سیل نے یوٹیوبر سمے رائنا کو دوسری بار طلب کر لیا ہے۔
سمے رائنا کے یوٹیوب شو ’’انڈیاز گوٹ لیٹنٹ‘‘ کے دوران کامیڈین رنویر الہ آبادیہ کے متنازع سوال پر ہونے والے تنازعے کی تحقیقات جاری ہیں۔
سمن جاری ہونے پر سمے رائنا نے بتایا کہ وہ اس وقت امریکا میں ہیں اور 17 مارچ کو واپس آئیں گے، جس کے بعد وہ سائبر سیل کو جواب دیں گے۔
اس واقعے کے پس منظر میں، سمے رائنا کے شو میں کامیڈین رنویر الہ آبادیہ نے حریف سے والدین کے بارے میں انتہائی نازیبا سوال پوچھا تھا۔ یہ سوال سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا اور اس پر شدید تنقید کی گئی۔
بعد میں رنویر الہ آبادیہ نے ایک ویڈیو میں معافی مانگتے ہوئے اسے ’’غلطی‘‘ قرار دیا، لیکن تنازع ختم نہیں ہوا۔ حالانکہ سمے رائنا نے شو کی تمام اقساط کو یوٹیوب سے ہٹا دیا اور کہا کہ وہ تحقیقات میں مکمل تعاون کریں گے۔
ممبئی پولیس نے اس معاملے میں سات افراد کے بیانات ریکارڈ کیے ہیں، جن میں سوشل میڈیا انفلوئنسر اپوروا مخیجا بھی شامل ہیں۔ رنویر الہ آبادیہ کو بھی ایک دو دن میں پولیس کے سامنے پیش ہونے کے لیے کہا گیا ہے۔ مہاراشٹر سائبر ڈپارٹمنٹ نے 40 سے زائد افراد کو طلب کیا ہے۔