news
جسٹس سرفراز ڈوگر اسلام آباد ہائیکورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس تعینات
جسٹس سرفراز ڈوگر کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس کے طور پر تعینات کر دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق، لاہور ہائیکورٹ سے حال ہی میں منتقل ہونے والے جسٹس سرفراز ڈوگر کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس کے عہدے پر مقرر کیا گیا ہے، جس کا نوٹیفیکیشن وفاقی وزارت قانون نے جاری کیا ہے۔ جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق، جسٹس سرفراز ڈوگر اسلام آباد ہائیکورٹ کے مستقل چیف جسٹس کی تعیناتی تک قائم مقام چیف جسٹس کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
اس سے پہلے، اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کی سنیارٹی میں تبدیلی کے خلاف پانچ ججوں کی درخواست مسترد کر دی گئی تھی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کی سنیارٹی میں تبدیلی کے خلاف پانچ ججز کی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے تحریری فیصلہ بھی جاری کیا گیا، جس میں چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق نے جسٹس محسن اختر کیانی، جسٹس طارق جہانگیری، جسٹس بابر ستار، جسٹس سردار اعجاز اور جسٹس ثمن رفعت کی درخواستیں مسترد کیں، اور انہوں نے رجسٹرار کو فیصلے کی کاپی متعلقہ ججز کو بھیجنے کی ہدایت بھی کی۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق نے اپنے فیصلے میں کہا کہ تین صوبائی ہائیکورٹس سے ججز کے تبادلے کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ میں جو سنیارٹی لسٹ تبدیل کی گئی تھی، وہ برقرار رہے گی۔