news
لیبیا کشتی حادثہ، 63 پاکستانی جاں بحق ہونے کا خدشہ
لیبیا میں کشتی کے حادثے کے نتیجے میں ڈوبنے والے 73 مسافروں میں سے 63 پاکستانی تھے، جن میں سے زیادہ تر کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں۔ تفصیلات کے مطابق، چیئرمین کمیٹی سینیٹر عرفان صدیقی کی صدارت میں ہونے والے قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کے اجلاس میں دفتر خارجہ نے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یہ حادثہ 8 فروری کو پیش آیا۔ کشتی میں سوار 73 افراد میں 63 پاکستانی اور 10 بنگلا دیشی شامل تھے، اور زیادہ تر افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ اب تک زندہ بچ جانے والے 3 پاکستانی شہری سفارتخانے پہنچ چکے ہیں، اور کشتی میں سوار پاکستانیوں کی اکثریت کا تعلق ضلع کرم اور باجوڑ کے قبائلی علاقوں سے ہے۔
سیکرٹری خارجہ نے قائمہ کمیٹی کو بتایا کہ بیرون ملک پاکستانیوں کی سمگلنگ کے خلاف ہم نے انٹرپول کے ساتھ رابطے کو مضبوط کیا ہے تاکہ سمگلنگ کے گروہوں کو پکڑا جا سکے۔ انسانی سمگلروں کے خلاف ملکی سطح پر وزارت داخلہ کو بھی کردار ادا کرنا ہوگا۔ وزیراعظم نے ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے ایک ٹاسک فورس قائم کر دی ہے، اور ہم ایک میڈیا مہم بھی چلا رہے ہیں جو لوگوں میں آگاہی پیدا کرے گی تاکہ وہ غیر قانونی طریقے سے یورپ جانے کی کوشش نہ کریں۔ بتایا جا رہا ہے کہ گزشتہ روز افریقی ملک لیبیا میں غیر قانونی تارکین کو لے جانے والی کشتی الٹ گئی۔