drama
منشا پاشا نے پہلی شادی کو زندگی کا مشکل ترین وقت قرار دے دیا
پاکستان شوبز کی اداکارہ منشا پاشا نے اپنی پہلی شادی کو اپنی زندگی کا سب سے مشکل وقت قرار دیا ہے۔
حال ہی میں ایک مارننگ شو میں شرکت کرتے ہوئے، منشا پاشانے اپنی زندگی کے چیلنجنگ لمحات پر بات کی اور اپنی پہلی شادی کے تجربات کا ذکر کیا۔
انہوں نے کہا کہ ان کی پہلی شادی اور کالج کے دن ان کی زندگی کے سب سے زیادہ مشکل ادوار تھے۔ اس وقت انہیں مستقبل کے بارے میں بہت سی بے یقینی کا سامنا تھا، لیکن وقت کے ساتھ یہ سمجھ میں آیا کہ یہی مشکلات انسان کی شخصیت کو نکھارنے میں مددگار ثابت ہوتی ہیں۔
منشا نے یہ بھی بتایا کہ 2014-2015 کا دور ان کے لیے خاص طور پر مشکل تھا، جب وہ کام میں مصروف تھیں، شادی شدہ زندگی گزار رہی تھیں، اور اسی دوران ان کے والد کو کینسر کی تشخیص ہوئی جبکہ ان کی والدہ کو دل کا دورہ پڑا۔
اداکارہ نے کہا کہ اس وقت ایسا محسوس ہوتا تھا جیسے سب کچھ بکھر رہا ہو۔
یاد رہے کہ منشا پاشا کی شادی 2013 میں اسد فاروقی سے ہوئی تھی، جو 2018 میں ختم ہوگئی، لیکن اب وہ معروف وکیل جبران ناصر کے ساتھ خوشگوار ازدواجی زندگی گزار رہی ہیں۔
حیدرآباد میں پیدا ہونے والی اور کراچی میں پرورش پانے والی منشا پاشا نے ڈرامہ ’ہمسفر‘ میں ایک معاون کردار کے ذریعے شوبز میں قدم رکھا۔