news
پی ٹی آئی کو مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت نہ ملنے پر پنجاب بھر میں احتجاج کا اعلان
پاکستان تحریک انصاف نے مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت نہ ملنے پر پورے پنجاب میں احتجاج کا فیصلہ کیا ہے۔ پی ٹی آئی نے مینار پاکستان کے علاوہ کسی اور مقام پر جلسہ نہ کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔ پارٹی نے مینار پاکستان پر جلسے کے معاملے میں اجازت نہ ملنے پر پلان بی تیار کر لیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پارٹی ذرائع نے رہنماﺅں اور اراکین اسمبلی کو اپنے اپنے علاقوں میں احتجاج ریکارڈ کرانے کی ہدایات دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
اسی طرح صوبائی دارالحکومت لاہور کے لبرٹی چوک، مال روڈ اور آزادی چوک پر احتجاج کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ لاہور کے مختلف علاقوں میں بھی احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گی۔
تمام ٹکٹ ہولڈرز کو یہ بھی ہدایات دی جائیں گی کہ وہ اپنے حلقے سے لوگوں کو احتجاج میں شرکت کے لیے یقینی بنائیں۔ واضح رہے کہ چند روز قبل لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف کو مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت دینے سے انکار کیا تھا، جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا تھا۔ اس فیصلے میں ضلعی انٹیلی جنس کمیٹی کی تجاویز کو مدنظر رکھا گیا تھا، جس کی وجہ سے سیکیورٹی خدشات کی بنا پر پی ٹی آئی کو جلسے کی اجازت نہیں دی جا سکی۔
ڈپٹی کمشنر لاہور نے پی ٹی آئی کی مینار پاکستان پر جلسے کی درخواست مسترد کر دی تھی۔