news
وکلاء کا احتجاج: سپریم کورٹ کے باہر سیکیورٹی سخت، ریڈ زون بند
وکلاء تنظیموں کے متوقع احتجاج کے پیش نظر سپریم کورٹ کے باہر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ اسلام آباد میں ریڈزون کو کنٹینر لگا کر بند کر دیا گیا ہے، اور سپریم کورٹ کے احاطے میں بھی پولیس کی بڑی تعداد موجود ہے۔ وفاقی دارالحکومت کی ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری کردہ ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ اگر شہر میں لا اینڈ آرڈر کی صورت حال پیدا ہوتی ہے تو ریڈ زون کے داخلی اور خارجی راستے بند کر دیے جائیں گے۔
سپریم کورٹ جانے کے لیے صرف مارگلہ روڈ کو کھلا رکھا گیا ہے، جس کی وجہ سے اطراف میں شدید ٹریفک جام ہے۔ جڑواں شہروں میں چلنے والی میٹرو بس سروس بھی محدود کر دی گئی ہے، جو فیض احمد فیض تک چلائی جا رہی ہے، جبکہ کشمیر ہائی وے سے پاک سیکرٹریٹ تک میٹرو بس سروس بند ہے۔
اسلام آباد کی ٹریفک پولیس نے مزید کہا کہ 10 فروری 2025 کو اگر لا اینڈ آرڈر کی صورت حال پیدا ہوتی ہے تو ریڈ زون کے داخلی اور خارجی راستے بند رہیں گے۔
ٹریفک پولیس نے یہ بھی بتایا کہ ریڈزون کے داخلی اور خارجی راستے سرینا، نادرا، میریٹ، ایکسپریس چوک اور ٹی کراس بری امام صبح 6 بجے سے تاحکم ثانی عارضی طور پر بند رہیں گے۔ وفاقی دارالحکومت کی ٹریفک پولیس نے کہا کہ ریڈزون میں صرف مارگلہ روڈ سے داخلے کی اجازت ہے۔ شہریوں سے درخواست کی گئی ہے کہ مزید معلومات کے لیے ٹریفک ہیلپ لائن نمبر پر رابطہ کریں۔