news
فافن کی رپورٹ: الیکشن ٹربیونلز نے 30 فیصد مقدمات نمٹا دیے
فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک (فافن) نے 8 فروری 2024ء کو ہونے والے عام انتخابات کے بعد قائم الیکشن ٹریبیونلز کی کارکردگی پر اپنی چھٹی رپورٹ جاری کی ہے۔ فافن کی رپورٹ کے مطابق، الیکشن ٹربیونلز نے جنوری 2025ء میں مزید 11 درخواستوں کا فیصلہ کیا، جس کے بعد فیصلہ شدہ درخواستوں کی تعداد 112 ہوگئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی الیکشن ٹریبیونلز نے 30 فیصد مقدمات نمٹا دیئے، جبکہ 70 فیصد درخواستیں ابھی بھی زیر التوا ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ان 11 میں سے 9 درخواستوں کا فیصلہ لاہور کے تین ٹربیونلز نے کیا، جبکہ بہاولپور اور کراچی کے ٹریبیونلز نے ایک، ایک درخواست کا فیصلہ کیا۔ فیصلہ شدہ درخواستوں میں سے 6 تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امیدواروں کی تھیں، 4 درخواستیں پاکستان مسلم لیگ ن کی تھیں، اور ایک درخواست استحکام پاکستان پارٹی کے امیدوار کی تھی۔ ان تمام 11 درخواستوں کو مسترد کر دیا گیا۔
رپورٹ میں ٹریبیونلز کی کارکردگی کے بارے میں کہا گیا ہے کہ 2024ء کی آخری سہ ماہی میں انتخابی تنازعات کے حل کا عمل تیز ہوا تھا۔ بلوچستان کے تینوں ٹربیونلز نے تقریباً 70 درخواستوں کا فیصلہ کیا، جبکہ پنجاب کے ٹربیونلز میں بھی درخواستیں نمٹانے کا عمل تیز ہوا، جہاں 23 ٹربیونلز میں 371 انتخابی درخواستیں دائر کی گئی تھیں۔ اب تک بلوچستان کے تین ٹربیونلز نے 51 میں سے 41 درخواستیں نمٹا دی ہیں۔