news
خیبرپختونخواہ میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن، 7 خوارج ہلاک
صوبہ خیبرپختونخواہ کے علاقوں ڈیرہ اسماعیل خان اور شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کے آپریشنز کے دوران 7 خوارج ہلاک اور 5 زخمی ہوگئے۔ مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 8 اور 9 فروری کی درمیانی شب سکیورٹی فورسز نے خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے مڈی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، جس کے دوران سکیورٹی اہلکاروں نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔ اس آپریشن کے نتیجے میں خوارج رحمت سمیت 3 دہشت گرد مارے گئے اور 2 زخمی ہوئے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں کیا گیا، جہاں فائرنگ کے تبادلے میں 4 خوارج مارے گئے جبکہ 3 زخمی ہو گئے۔ علاقے میں موجود کسی ممکنہ خارجی کو ختم کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن بھی کیا گیا۔ سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں، اور ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے 7 خوارجی دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے خوارجی دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملایا، اور خوارجی دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز پر فورسز کو شاباش دی۔