news
ملتان میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر پی ٹی آئی رہنما گرفتار
ملتان میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر پی ٹی آئی کی رہنما مہربانو قریشی، سابق رکن قومی اسمبلی جاوید ہاشمی کے داماد زاہد بہار ہاشمی اور ملتان سے پی ٹی آئی کے ٹکٹ ہولڈر دلیر مہار کو گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس حکام کے مطابق، تینوں افراد کو پل چھٹہ سے دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر حراست میں لیا گیا، جبکہ پولیس نے ریلی نکالنے پر پی ٹی آئی کے 10 سے زائد کارکنوں کو بھی گرفتار کیا۔
پاکستان تحریک انصاف نے آج 8 فروری کو یوم سیاہ منانے کا اعلان کیا تھا۔ اس سلسلے میں پی ٹی آئی نے آج صوابی میں پاور شو کرنے کا پروگرام بنایا ہے۔ پی ٹی آئی کی جانب سے کہا گیا کہ صوابی میں ہونے والے جلسے کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ 80 فٹ چوڑا اور 40 فٹ اونچا سٹیج تیار کر دیا گیا ہے جبکہ پنڈال میں لائٹس بھی لگائی گئی ہیں۔
پنڈال میں 8 ہزار سے زیادہ کرسیاں لگائی جائیں گی اور جلسے کی سکیورٹی کے لیے 1400 اہلکار ڈیوٹی دیں گے۔ صوابی میں احتجاجی جلسے میں مرکزی اور صوبائی قائدین کارکنوں سے خطاب کریں گے۔ پشاور میں ہر حلقے سے مقامی قیادت کی نگرانی میں قافلے صوابی پہنچیں گے۔ پی ٹی آئی کے رہنما سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ آج یوم سیاہ پر صوابی میں بھرپور احتجاج کریں گے۔
قبل ازیں، پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی تھی، جس کے تحت کسی بھی قسم کے جلسے جلوس منعقد کرنے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔