news
عمران خان کا آرمی چیف کو دوسرا خط، 6 نکات پر عوامی حمایت کا دعویٰ
پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ انہیں اپنی فوج کے تاثر اور عوام اور فوج کے درمیان بڑھتی ہوئی خلیج کے ممکنہ اثرات کی فکر ہے، اسی لیے انہوں نے یہ خط لکھا۔ ان کے مطابق، اگر عوامی رائے لی جائے تو وہ جن 6 نکات کی نشاندہی کرتے ہیں، ان کی حمایت میں 90 فیصد عوام کھڑے ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق، سابق وزیراعظم نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے نام دوسرا خط لکھا ہے، جس میں انہوں نے کہا کہ انہوں نے ملک و قوم کی بہتری کے لیے نیک نیتی سے کھلا خط لکھا تاکہ فوج اور عوام کے درمیان بڑھتی ہوئی خلیج کو کم کیا جا سکے، مگر اس کا جواب انتہائی غیر سنجیدگی اور غیر ذمہ داری سے دیا گیا۔ عمران خان نے کہا کہ وہ پاکستان کے سابق وزیراعظم اور ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کے سربراہ ہیں، اور انہوں نے اپنی زندگی عالمی سطح پر ملک و قوم کا نام روشن کرنے میں گزاری ہے۔ 1970ء سے اب تک ان کی 55 سال کی عوامی زندگی اور 30 سال کی محنت سب کے سامنے ہے، اور ان کی زندگی کا مقصد صرف پاکستان ہے۔
عمران خان نے مزید لکھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی کے لیے ضروری ہے کہ قوم فوج کے پیچھے کھڑی ہو، لیکن افسوس کی بات یہ ہے کہ اسٹیبلشمنٹ کی پالیسیوں اور غیر قانونی اقدامات کی وجہ سے عوام میں فوج کی بدنامی بڑھ رہی ہے، جو کہ فوج کے حلف کی خلاف ورزی ہے۔