film
نورا فتیحی کے بنجی جمپ حادثے میں ہلاکت کی خبر جھوٹی نکلی
بالی ووڈ کی معروف اداکارہ اور ڈانسر نورا فتیحی کے بارے میں ایک دل دہلا دینے والی خبر نے ان کے مداحوں کو پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے۔
گزشتہ روز انٹرنیٹ پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں یہ دعویٰ کیا گیا کہ نورا فتیحی ایک بنجی جمپنگ کے حادثے میں ہلاک ہو گئی ہیں۔ یہ ویڈیو جیسے ہی پوسٹ کی گئی، فوراً وائرل ہو گئی اور کئی دیگر اکاؤنٹس نے بھی اس خبر کو دوبارہ شیئر کیا۔ تاہم بعد میں یہ بات سامنے آئی کہ یہ خبر بالکل غلط تھی اور اداکارہ بالکل خیریت سے ہیں۔
وائرل ویڈیو میں ایک خاتون کو بنجی جمپنگ کے دوران حادثے کا شکار ہوتے دکھایا گیا۔ ویڈیو کے کیپشن میں یہ دعویٰ کیا گیا کہ یہ خاتون نورا فتیحی ہیں۔
صرف چند گھنٹوں میں اس ویڈیو کو 18 ملین سے زیادہ ویوز مل گئے، لیکن بعد میں یہ پوسٹ ڈیلیٹ کر دی گئی۔
یہ وائرل پوسٹ کئی دیگر اکاؤنٹس سے بھی شیئر کی گئی، جس کی وجہ سے مداحوں کو اس خبر کی صداقت پر یقین آ گیا۔ حالانکہ ویڈیو میں حادثے کا شکار ہونے والی خاتون کا چہرہ واضح نہیں تھا، لیکن بعد میں مداحوں نے یہ سمجھ لیا کہ وہ خاتون نورا فتیحی نہیں ہیں۔
سوشل میڈیا پر تیزی سے پھیلنے والی اس غلط خبر نے مداحوں کو شدید صدمہ پہنچایا۔ حقیقت سامنے آنے کے بعد مداحوں کی جانب سے سخت برہمی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
نورا فتیحی نے خود اس خبر کی تردید کی۔