news
اینٹی کرپشن عدالت کا رمضان شوگر ملز کیس کا فیصلہ، شہباز شریف اور حمزہ شہباز بری
اینٹی کرپشن کی عدالت نے رمضان شوگر ملز کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز کو بری کر دیا۔ جج سردار محمد اقبال ڈوگر نے فیصلہ سناتے ہوئے دونوں رہنماوں کو الزامات سے بری کرنے کا حکم دیا۔ عدالت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی بریت کی درخواستیں منظور کرلیں، جبکہ مقدمے کی سماعت کے دوران مدعی اپنے بیان سے منحرف ہوگیا تھا۔ وزیراعظم شہباز شریف اور ان کے بیٹے حمزہ شہباز نے عدالت میں بریت کی درخواستیں دائر کی تھیں۔
18 فروری 2019 کو نیب نے شہباز شریف اور ان کے بیٹے حمزہ شہباز کے خلاف رمضان شوگر ملز کیس میں ریفرنس دائر کیا تھا، جس میں ان پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ انہوں نے شوگر ملز کے لیے گندے نالے کی تعمیر کے لیے 21 کروڑ روپے قومی خزانے سے حاصل کیے۔
رمضان شوگر ملز کیس کا فیصلہ 3 فروری کو محفوظ کیا گیا تھا، جبکہ 28 جنوری کو مقدمے کے مدعی ذوالفقار علی نے ریفرنس سے اظہار لا تعلقی کیا تھا۔
خیال رہے کہ گزشتہ سماعت پر اینٹی کرپشن عدالت نے وزیراعظم شہباز شریف اور ان کے بیٹے حمزہ شہباز کی رمضان شوگر ملز ریفرنس سے بریت کی درخواستوں پر وکلا کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ عدالت نے فیصلہ 6 فروری کو سنانے کا حکم دیا تھا۔