news
عمران خان کا آرمی چیف کو لکھا گیا خط، حقیقت یا ناکام ڈرامہ؟
پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماء اور سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کا آرمی چیف کو لکھا گیا خط ابھی تک نہ کسی نے دیکھا ہے اور نہ ہی پڑھا ہے۔ یہ معلوم نہیں کہ یہ خط کس کبوتر کی چونچ میں ہے اور کب یہ کسی منڈیر پر اترے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر کو لکھے گئے عمران خان کے خط کا جواب تو دور، اس کی رسید بھی نہیں آئے گی۔ سنونیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رہنماء ن لیگ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا یہ خط فوج کے بارے میں ان کی افسوسناک سوچ کی عکاسی کرتا ہے، کہ عوام اور افواج کے درمیان ایک خلیج موجود ہے۔ یہ نام نہاد خط بانی تحریک کی شدید مایوسی اور پریشانی کا ثبوت ہے، کیونکہ وہ کبھی ایک دروازے پر دستک دیتے ہیں، کبھی دوسرے پر، اور کبھی مذاکرات شروع کرتے ہیں، پھر بغیر کسی وجہ کے کسی اور راستے پر چل پڑتے ہیں۔
سینیٹر عرفان صدیقی نے یہ بھی انکشاف کیا کہ عمران خان نے جنرل عاصم منیر کے نام ایک خط 2023 کے اوائل میں بھی لکھا تھا، جو صدر عارف علوی کے ذریعے آرمی چیف کو بھیجا گیا تھا، لیکن اس کی بھی نہ تو رسید آئی اور نہ ہی جواب۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو یہ سمجھ لینا چاہیے کہ ان کی جماعت کے پاس صرف ایک ہی راستہ ہے۔