news
جنید اکبر کا بڑا اعلان: عمران خان کی غلط بات نہ مانی تو صدارت چھوڑ دوں گا
پاکستان تحریک انصاف خیبرپختونخواہ کے صوبائی صدر جنید اکبر نے کہا ہے کہ اگر بانی پی ٹی آئی عمران خان نے بھی درست بات نہ مانی تو میں پارٹی صدارت چھوڑ دوں گا۔ میں ایک سیاسی کارکن ہوں، سیاسی نوکر نہیں، اور میں غلط کو غلط اور صحیح کو صحیح کہہ سکتا ہوں۔ مردان میں پارٹی کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں اداروں کے ساتھ بات چیت کے حق میں ہوں۔ اگر ایک ہاتھ بڑھایا جائے تو ہم دو ہاتھ بڑھائیں گے۔ ہم چوروں کو پارٹی میں برداشت نہیں کریں گے اور سیاست کو کاروبار نہیں بنائیں گے۔ میں ہر کارکن کی رپورٹ بانی پی ٹی آئی عمران خان تک پہنچاؤں گا۔ میں تسلیم کرتا ہوں کہ پارٹی میں کئی گروپس ہیں اور میری کوشش ہوگی کہ آپس کے اختلافات کو ختم کر سکوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ 8 فروری کو پاکستان کا مینڈیٹ چوری ہوا تھا اور ہمارے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا گیا تھا۔
جنید اکبر نے یہ بھی کہا کہ تمام ادارے ہمارے اپنے ہیں اور ان کی مضبوطی ملک کی مضبوطی ہے۔ ہم سے ماضی میں کچھ غلطیاں ہوئی ہیں جن کا خمیازہ ہم اب بھگت رہے ہیں۔ ہم اداروں اور عوام کے درمیان فاصلے ختم کرنا چاہتے ہیں۔ میری خواہش ہے کہ پاکستانی ادارے مضبوط ہوں کیونکہ جب ادارے مضبوط ہوں گے تو پاکستان بھی مضبوط ہوگا۔ ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ جو آج ہم پر ہنس رہے ہیں، کل انہیں بھی اس کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ہم نے لاشیں اور زخمی اٹھائے ہیں۔