news
تحریک انصاف کا چیمپئنز ٹرافی کے دوران احتجاج نہ کرنے کا اعلان
تحریک انصاف نے یہ اعلان کیا ہے کہ وہ چیمپئنز ٹرافی کے دوران کوئی احتجاج نہیں کریں گے۔ پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی چیمپئنز ٹرافی کے دوران ایسا کوئی احتجاج نہیں کرے گی جو اس بڑے ایونٹ میں خلل ڈالے۔ انہوں نے اس حوالے سے تمام قیاس آرائیاں مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا ایسا کوئی ارادہ نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے سچ کی جانب بڑھنے کی کوشش کی ہے اور اس سلسلے میں 9 مئی اور 26 نومبر کے حوالے سے کمیشن بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔ تاہم، موجودہ نظام میں سچائی کی جانب بڑھنے کی کوئی خواہش نہیں ہے، بلکہ یہ نظام دھونس اور جبر کی بنیاد پر چلایا جا رہا ہے۔ ہم حق سچ کی آواز بلند کرتے رہیں گے، چاہے یہ جبر ہماری آواز کو دبانے کی کوشش کریں۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ حکومت مذاکرات میں بات ٹالنے کی کوشش کر رہی ہے۔ جب ہم پارلیمان کے وجود پر آواز اٹھاتے ہیں تو کمیٹی کے سامنے کیسے بیٹھیں؟ حکمرانوں کے ساتھ نظام نہیں چلایا جا رہا، عوام حکمرانوں کو ماننے کے لیے تیار نہیں ہیں۔ یہ کب تک حملے کریں گے اور لوگوں کو اٹھائیں گے؟ 8 فروری کو ہم صوابی میں ایک جلسہ کریں گے، جہاں ہم اپنی آواز بلند کریں گے اور ن لیگ اور پی پی کو چھوڑ کر تمام جمہوری قوتوں کے پاس جائیں گے۔