news
بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن: 12 دہشت گرد ہلاک، 18 جوان شہید
بلوچستان کے علاقے قلات میں سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی فوری کارروائی نے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنا دیا۔ ایک آپریشن کے دوران 12 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے، جبکہ ایف سی بلوچستان کے 18 جوانوں نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، قلات کے علاقے منگوچر میں سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کی، جس میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بھی شرکت کی۔
31 جنوری اور یکم فروری کی درمیانی شب، دہشت گردوں نے بلوچستان کے ضلع قلات کے علاقے منگوچر میں سڑکوں پر رکاوٹیں کھڑی کرنے کی کوشش کی، جس پر سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے فوراً حرکت میں آئے۔
فورسز نے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بناتے ہوئے 12 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا۔ اس دوران مقامی آبادی کی حفاظت اور سیکیورٹی کو یقینی بنایا گیا۔
آپریشن کے دوران مادر وطن کے 18 بہادر سپوتوں نے جرأت و بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ یہ بزدلانہ کارروائی دشمن قوتوں کے اشارے پر کی گئی۔ دہشت گردوں کا مقصد معصوم شہریوں کو نشانہ بنا کر بلوچستان کے امن کو خراب کرنا تھا۔ اس بزدلانہ کارروائی کے پیچھے دشمن قوتوں کا ہاتھ ہونے کا بھی امکان ہے۔