news
حکومت نے پٹرول اور ڈیزل مہنگے کر دیے، نئی قیمتوں کا اعلان
حکومت نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے، جس کے تحت پٹرول کی نئی قیمت 257 روپے 13 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے، جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے عوام پر ایک ہی دن میں مہنگائی کے دو بڑے دھچکے دیے ہیں۔ ایل پی جی کی قیمت میں اضافے کے بعد حکومت نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بھی بڑھا دی ہیں۔
پٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 1 روپیہ جبکہ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 7 روپے کا بڑا اضافہ کیا گیا ہے۔ اس اضافے کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 257 روپے 13 پیسے ہو گئی، جبکہ ڈیزل کی قیمت 267 روپے 95 پیسے ہو گئی۔ نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔ اس سے پہلے اوگرا نے ایل پی جی کی قیمت میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے، جس کے مطابق فروری کے مہینے کے لیے ایل پی جی کی قیمت میں فی کلو 3 روپے 68 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے۔
اضافے کے بعد ایل پی جی کی فی کلو قیمت 253 روپے 97 پیسے مقرر کی گئی ہے۔ قیمتوں میں اضافے کے بعد گھریلو سلنڈر 43 روپے 52 پیسے مہنگا ہو گیا ہے، اور 11.8 کلو کے گھریلو سلنڈر کی قیمت 2996 روپے 88 پیسے ہو گئی ہے۔ واضح رہے کہ اس سے پہلے ہی ذرائع نے مطلع کر دیا تھا کہ یکم فروری سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق یکم فروری سے ڈیزل کی قیمت میں 6 روپے فی لیٹر اضافے کا امکان ہے اور پٹرول کی قیمت میں 3 روپے کا اضافہ متوقع ہے۔