news
پاکستان میں گھی اور کوکنگ آئل کی قلت کا خدشہ، پورٹ قاسم پر شپمنٹس کی کلئیرنگ روک دی گئی
کراچی:
پاکستان میں گھی اور کوکنگ آئل کی قلت کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے، کیونکہ پورٹ قاسم پر ایڈیبل آئل کی شپمنٹس کی کلئیرنگ گزشتہ ایک ہفتے سے نہیں ہو سکی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق، پورٹ قاسم پر ایڈیبل آئل کی شپمنٹس کی کلئیرنس میں رکاوٹ کی وجہ سے ملک میں گھی اور خوردنی تیل کی کمی کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔ گزشتہ ایک ہفتے سے ایڈیبل آئل کے درآمدی کنسائنمنٹس پھنسے ہوئے ہیں۔
پاکستان وناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے چئیرمین شیخ عمر ریحان نے بتایا کہ ٹرمینل پر شپمنٹس اتارنے کی جگہ نہیں ہے، اور ایڈیبل آئل کے درآمدی کنسائنمنٹس کو ڈسچارج کرنے کے لیے 8 سے 10 بحری جہاز قطار میں کھڑے ہیں، جن میں 70 ہزار سے زائد میٹرک ٹن پام آئل موجود ہے۔ اس صورتحال کی وجہ سے ملک میں گھی اور خوردنی تیل کی قلت کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
ایسوسی ایشن کے مطابق، بندرگاہ پر پھنسے ہوئے کنسائنمنٹس پر بھاری ڈیمریجز اور دیگر جرمانے عائد ہو رہے ہیں۔ کسٹم کے سافٹ ویئر پی ایس ڈبلیو کی بندش سے معیشت کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے، اور کلیئرنس نہ ہونے کی وجہ سے امپورٹرز کو اربوں روپے کے نقصان کا سامنا ہے، جس کی وجہ سے خوردنی تیل کی قلت کا مسئلہ پیدا ہو گیا ہے۔