news
مالی سال 2025: جی ڈی پی میں 2.5% اضافہ، افراط زر میں نمایاں کمی
وفاقی وزارت خزانہ نے مالی سال 2025 کے پہلے 6 ماہ کی اقتصادی کارکردگی کی رپورٹ جاری کر دی ہے، جس کے مطابق اس مالی سال میں جی ڈی پی کی شرح نمو 2.5 فیصد رہی۔ میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، وزارت خزانہ نے پہلی ششماہی کی معاشی صورتحال کا احاطہ کرتے ہوئے بتایا کہ جولائی سے دسمبر تک ملکی معیشت میں بہتری کا سفر جاری رہا، اور جی ڈی پی میں 2.5 فیصد کا اضافہ ہوا۔
داخلی اور بیرونی مالی اکاؤنٹس کی بہتری نے معیشت میں مثبت اثرات مرتب کیے، جبکہ پہلی ششماہی میں افراط زر کی شرح پچھلے سال کے 28.8 فیصد سے کم ہو کر 7.2 فیصد پر آ گئی۔
اس دوران ترسیلات زر، برآمدات اور درآمدات میں بھی اضافہ ہوا، اسٹیٹ بینک کے مالی ذخائر میں بہتری آئی اور روپے کی قدر مستحکم رہی۔ تاہم، بڑی صنعتوں کی پیداوار اور سرمایہ کاری میں کمی دیکھی گئی، جبکہ ترسیلات زر میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 29.3 فیصد کا اضافہ ہوا۔
مالی سال 2024 میں زرعی ترقی کی شرح 6.2 فیصد رہی۔ دوسری جانب، گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے کہا کہ مالی سال 2025 میں افراط زر کی شرح 5.5 سے 7.5 فیصد کے درمیان رہنے کی توقع ہے، جبکہ دسمبر 2024 میں مہنگائی کی شرح 4.1 فیصد پر آ گئی تھی، اور جنوری میں مزید کمی کی امید ہے۔ زرمبادلہ کے ذخائر میں بھی بہتری کی توقع ہے۔