news
عمران خان اور بشریٰ بی بی نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سزا کے خلاف اپیل دائر کر دی

190 ملین پاﺅنڈ کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے سزا کے خلاف اپیلیں دائر کر دیں۔ وکیل خالد یوسف چوہدری نے یہ اپیلیں اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرائیں۔ دائر کردہ اپیلوں میں عدالت سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ احتساب عدالت کے 17 جنوری کے فیصلے کو کالعدم قرار دے اور عمران خان اور بشریٰ بی بی کو بری کرے۔
اپیلوں میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ نیب نے بدنیتی سے اپنے اختیارات کا غلط استعمال کیا اور نامکمل تفتیش کی بنیاد پر جلد بازی میں سزا سنائی گئی۔ اپیل میں یہ بھی ذکر کیا گیا ہے کہ این سی اے کے حکام کو تفتیش میں شامل نہیں کیا گیا، اور استغاثہ مکمل شواہد پیش کرنے میں ناکام رہا ہے۔
عمران خان اور بشریٰ بی بی کی جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کردہ اپیلوں میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ نیشنل کرائم ایجنسی سے معاہدے کا متن حاصل نہ کرنا تفتیشی ایجنسی کی ہچکچاہٹ کو ظاہر کرتا ہے۔
یاد رہے کہ 17 جنوری کو احتساب عدالت نے 190 ملین پاﺅنڈ کیس میں عمران خان کو 14 سال کی سزا جبکہ بشریٰ بی بی کو 7 سال کی قید بامشقت کی سزا سنائی تھی۔ عدالت نے محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا تھا۔ احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے عمران خان کو سزا سنائی۔