news
سپریم کورٹ میں جسٹس منصور علی شاہ کا انٹرا کورٹ اپیل کے بینچ پر اعتراض
سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس منصور علی شاہ نے ایڈیشنل رجسٹرار جوڈیشل نذر عباس کے خلاف توہین عدالت کیس میں انٹراکورٹ اپیل کے بینچ پر اعتراض اٹھایا ہے۔ جسٹس منصور علی شاہ نے جسٹس جمال خان مندوخیل اور جسٹس محمد علی مظہر کی بینچ میں شمولیت پر سوال اٹھایا ہے۔ اس سلسلے میں انہوں نے ججز کمیٹی کو ایک خط بھیجا ہے، جس میں انہوں نے کہا کہ انٹرا کورٹ اپیل کے لیے پانچ رکنی بینچ کی تجویز دی تھی۔ ذرائع کے مطابق چیف جسٹس نے کہا کہ چار رکنی بینچ بھی کافی ہوگا، جبکہ جب بینچ تشکیل دیا گیا تو اس میں چھ ججز شامل تھے۔
ذرائع کے مطابق جسٹس منصور علی شاہ نے اپنے خط میں یہ بھی لکھا کہ جسٹس جمال مندوخیل اور جسٹس محمد علی مظہر آئینی کمیٹی کے رکن ہیں۔ آئینی کمیٹی نے ہی ان کے پاس منتقل ہونے والا کیس اپنے پاس رکھا۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز سپریم کورٹ نے ایڈیشنل رجسٹرار جوڈیشل نذر عباس کی انٹرا کورٹ اپیل کے لیے 6 رکنی بنچ تشکیل دیا تھا۔ سپریم کورٹ نے نذر عباس کی انٹرا کورٹ اپیل کی سماعت 27 جنوری بروز پیر کے لیے مقرر کی تھی۔
جسٹس جمال خان مندوخیل کی سربراہی میں چھ رکنی بینچ تشکیل دیا گیا تھا، جس میں جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس اطہر من اللہ، جسٹس حسن اظہر رضوی، جسٹس شاہد وحید اور جسٹس مسرت ہلالی شامل تھے۔