news
پاک افغان سرحد پر دہشتگردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع ژوب میں پاک افغان سرحد پر فتنتہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی بہادر افواج سرحدوں کی حفاظت کے لئے سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑی ہیں۔ اپنے بیان میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ اس کارروائی میں 5 خوارجی دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا جانا چاہئے، کیونکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے اور ہم ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پرعزم ہیں۔
یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ سکیورٹی فورسز نے افغان سرحد سے دراندازی کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے 5 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔ مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بتایا کہ 18 اور 19 جنوری کی رات خوارج کے ایک گروپ نے پاک افغان سرحد سے دراندازی کی کوشش کی، جس کی اطلاع ملتے ہی سکیورٹی فورسز نے ژوب کے علاقے سمبازہ میں اس کوشش کو ناکام بنا دیا۔ سکیورٹی فورسز نے ژوب میں پاک افغان سرحد کے قریب کامیاب کارروائی کرتے ہوئے دراندازی کی کوشش کرنے والے 5 خارجی دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائی کے نتیجے میں خوارج کی اس دراندازی کو ناکام بنایا گیا، پاکستان عبوری افغان حکومت کے ساتھ مل کر دہشت گردی کے خلاف اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔