فیصل آباد:
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ کچھ لوگ کسی کے بہکاوے میں آکر جیل پہنچ گئے ہیں، اور آج ان کی کوئی پرسان حال نہیں۔ مجھے آپ کو کامیابی کا راستہ دکھانا ہے، جو کہ جیل کی سلاخوں کا نہیں ہے۔
فیصل آباد میں ہونہار طلبا میں اسکالرشپس کے چیک تقسیم کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ یہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا اسکالرشپ پروگرام ہے، جس میں سو فیصد میرٹ پر اسکالرشپس دی جا رہی ہیں۔ طلبا کی جانب سے بے پناہ محبت کا اظہار میرے لیے ایک اعزاز ہے۔ خوابوں کی تکمیل کا آغاز اچھی تعلیم سے ہوتا ہے، اور آئندہ برس اس اسکیم کا دائرہ کار پچاس ہزار اسکالرشپس تک بڑھایا جائے گا۔
سیاسی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجھے آپ کو کامیابی کا راستہ دکھانا ہے، جو کہ جیل کی سلاخوں کا نہیں ہے۔ طلبا کسی کے کہنے پر اپنی زندگی خطرے میں نہیں ڈالیں۔ نوجوانوں کی ریڈ لائن پاکستان ہونی چاہیے۔ میں نے کبھی کسی کو جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ کرنے کے لیے نہیں کہا۔ ہم نے قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں، مگر انتقامی سیاست نہیں کی۔ اپنی زندگی اور مستقبل کو خطرے میں ڈالنا ماں باپ کی بھی نافرمانی ہے۔ کچھ لوگ کسی کے بہکاوے میں آکر جیل پہنچ گئے ہیں، اور آج ان کی کوئی پرسان حال نہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ کہتے تھے کہ گورنر ہاؤس کو یونیورسٹی بنا دیں گے، یہ کردیں گے، وہ کردیں گے۔ میں وعدوں اور نعروں پر نہیں، عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہوں۔