news
امیر جماعت اسلامی: نوجوانوں کے حقوق اور آئی ٹی کے فروغ پر زور
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ حکمران ٹولہ جو ویژن سے محروم ہے، صرف لوٹ مار میں مصروف ہے۔ حکومتی اقدامات اور بعض عناصر کے پروپیگنڈے کی وجہ سے ملک کا نوجوان مایوس ہو رہا ہے۔ اگر وسائل کا رخ عوام کی طرف موڑا جائے تو پاکستان چند سالوں میں ترقی کر سکتا ہے۔ صرف آئی ٹی کے شعبے پر توجہ دینے سے آئی ٹی ایکسپورٹ موجودہ 3.2 ارب ڈالر سالانہ سے 10 ارب ڈالر سالانہ تک پہنچ جائے گی۔ حکومت عوام کو کچھ دینے کے لیے تیار نہیں، اور 77 برسوں سے مافیا ملک پر مسلط ہے۔ 1994ء سے تمام حکومتیں آئی پی پیز کو نواز رہی ہیں، اور چند آئی پی پیز مالکان کو کپیسٹی چارجز کی مد میں اور ٹیکسوں سے استثنیٰ دے کر سالانہ تین ہزار ارب تک دیے جا رہے ہیں۔ حکمران اشرافیہ سے وسائل چھین کر عوام کو ان کا حق دلائیں گے۔ 17 جنوری کو مہنگی بجلی اور آئی پی پیز کے خلاف ملک گیر مظاہرے ہوں گے۔
نوجوانوں کو الخدمت بنو قابل پروگرام کے ایمبیسڈر بننے کی دعوت دی گئی ہے۔ 23 فروری کو لاہور میں مفت آئی ٹی کورسز کے دوسرے فیز کا آغاز ہوگا، اور ہم چاہتے ہیں کہ آئندہ دو سال میں پنجاب میں دس لاکھ بچوں کو کمپیوٹر کورسز کروائیں۔ یہ خیالات حافظ نعیم الرحمن نے ایکسپو سنٹر میں الخدمت پاکستان کے زیراہتمام “بنوقابل” پروگرام کے تحت کورسز مکمل کرنے والے طلبا و طالبات میں اسناد اور لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پیش کیے۔