news
حج 2025: سرکاری سکیم کے تحت مزید درخواستوں کی وصولی کا فیصلہ
رواں برس حج کے خواہشمندوں کے لیے خوشخبری ہے کہ وفاقی حکومت نے مزید درخواستوں کی وصولی کا فیصلہ کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزارت مذہبی امور کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کے نتیجے میں سرکاری حج سکیم کے تحت 5 ہزار مزید عازمین فریضہ حج ادا کر سکیں گے۔ اس مقصد کے لیے حج درخواستوں کی وصولی آئندہ ہفتے شروع کی جائے گی۔
بتایا گیا ہے کہ سرکاری حج سکیم کے تحت 81 ہزار 500 حج درخواستیں موصول ہوئیں، اور اب سکیم کے تحت باقی رہ جانے والے 5 ہزار کے کوٹے پر درخواستیں وصول کی جائیں گی۔ وزارت مذہبی امور نے نئی حج درخواستوں پر قرعہ اندازی نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، بلکہ اس بار پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر کنفرم حج ٹکٹ دیا جائے گا۔ حج درخواستوں کی وصولی کے لیے پانچ روز مقرر کرنے کی تجویز پر غور شروع کر دیا گیا ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ پرائیویٹ حج آرگنائزرز اور وزارت مذہبی امور کے درمیان معاملات طے پا گئے ہیں، جس کے تحت پرائیویٹ ٹور آپریٹرز 10 جنوری سے بکنگ کریں گے۔ یہ بات چیئرمین علماء کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے اپنے ایک ویڈیو بیان میں کہی۔ حافظ طاہر اشرفی کا یہ بھی کہنا تھا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے قوانین پر عمل کرنا لازم ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ وزارت مذہبی امور اور پرائیویٹ حج ٹور آپریٹرز کے درمیان ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت وفاقی وزیر نے کی۔