news
پاک فضائیہ کا تربیتی طیارہ نوشہرہ میں گر کر تباہ، پائلٹ شہید
پاکستان ایئرفورس کا ایک تربیتی طیارہ گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں پائلٹ کے شہید ہونے کی اطلاعات ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ صوبہ خیبرپختونخواہ کے ضلع نوشہرہ کے شہر رسالپور میں پیش آیا، جہاں پاک فضائیہ کا تربیتی طیارہ حادثے کا شکار ہوا۔ پولیس کے مطابق، یہ طیارہ رن وے کی دیوار کے قریب کھیتوں میں جاگرا، اور حادثے کے بعد طیارے میں آگ بھڑک اُٹھی۔ جیسے ہی حادثے کی اطلاع ملی، ریسکیو 1122، پاک فضائیہ اور آرمی کی ایمبولنس اور فائربریگیڈ موقع پر پہنچ گئیں۔ تربیتی طیارے کا ملبہ رن وے کے قریب کھیتوں میں موجود ہے، جسے سکیورٹی اہلکاروں نے تحویل میں لے لیا، تاہم فوری طور پر اس حادثے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی۔
اس سے پہلے، گزشتہ برس اکتوبر میں خیبر پختونخواہ کے ضلع صوابی کے گدون امازئی کے پہاڑی علاقے میں بھی پاک فضائیہ کا ایک تربیتی طیارہ گر کر تباہ ہوا تھا۔ ریسکیو 1122 کے عہدیدار نے بتایا کہ اس حادثے کے بعد طیارہ مکمل طور پر تباہ ہوگیا، لیکن دونوں پائلٹ کامیابی سے اپنے پیراشوٹ کے ذریعے باہر نکلنے میں کامیاب ہوگئے اور انہیں معمولی چوٹیں آئیں۔ تاہم، حادثے کے بعد دونوں پائلٹ خوفزدہ نظر آرہے تھے، جنہیں فوری طور پر محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔