news
وزیراعظم شہباز شریف: یو اے ای نے 2 ارب ڈالر قرض مؤخر کر دیا
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات نے 2 ارب ڈالر قرض کی ادائیگی مؤخر کردی ہے، جس کی اطلاع صدر یو اے ای نے دی۔ ان سے سرمایہ کاری کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی۔ اس ماہ انڈونیشیا کے صدر پاکستان آرہے ہیں، جن کے ساتھ ہمارے برادرانہ تعلقات ہیں۔ سرمایہ کاری کے حوالے سے کل ہونے والے اجلاس میں اس ملاقات کے ایجنڈے پر بات کی گئی۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ اتوار کو رحیم یار خان میں شیخ محمد بن زاید آل نہیان سے ملاقات ہوئی۔ اس ملاقات میں باہمی تعلقات کو مضبوط کرنے اور سرمایہ کاری کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے قرض ہدف کے حوالے سے سرمایہ کاری کی درخواست کی، جس پر شیخ زاید آل نہیان نے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ اس کے علاوہ، یو اے ای نے اس ماہ واجب الادا 2 ارب ڈالر قرض کو رول اوور کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ انہوں نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے درخواست کی ہے کہ وہ سرمایہ کاری کے معاملات کو آگے بڑھائیں۔ ہوم گرون کا آغاز ہوچکا ہے اور اس کے لیے جلد ہی اجلاس بلایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب تک بجلی کی قیمتیں کم نہیں ہوں گی، ہماری صنعت، زراعت، برآمدات اور تجارت ترقی نہیں کر سکیں گی۔ بجلی کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے کچھ تجاویز زیر غور ہیں، جس پر اس ہفتے ایک جامع منصوبہ تیار کیا جائے گا۔