news
چوہدری پرویز الٰہی پر مبینہ کرپشن کیس میں فرد جرم عائد
مبینہ کرپشن کیس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالٰہی پر فرد جرم عائد کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت لاہور میں گجرات ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ کرپشن کے ریفرنس کی سماعت کے دوران چوہدری پرویز الٰہی پر فرد جرم عائد کی گئی، جس پر انہوں نے صحت جرم سے انکار کیا۔ احتساب عدالت نے نیب کے گواہان کو شہادت کے لیے طلب کر لیا اور مزید سماعت 21 جنوری تک ملتوی کر دی۔ عدالت نے چوہدری پرویز الٰہی کی جگہ انوار حسین کو پلیڈر مقرر کیا، کیونکہ انہوں نے صحت کی خرابی کی وجہ سے مستقل حاضری سے معافی کی درخواست دی تھی۔
یہ بھی بتایا گیا ہے کہ احتساب عدالت لاہور نے تحریک انصاف کے صدر چوہدری پرویز الٰہی سمیت دیگر کے خلاف ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ کرپشن کے ریفرنس میں فرد جرم عائد کرنے کے لیے انہیں 7 جنوری کو طلب کیا تھا۔ عدالت نے محمد خان بھٹی سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کرنے کا تحریری حکم جاری کیا، جس میں کہا گیا کہ ملزمان کی حاضری مکمل کرنے میں کافی دشواری پیش آ رہی ہے۔ تاریخ پر تمام ملزمان حاضر ہوتے ہیں اور عدالت فرد جرم عائد کرتی ہے، انصاف کے تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے عدالت نے محسوس کیا کہ حاضر ملزمان پر فرد جرم عائد کی جائے۔