news
چین کے تبت میں 7.1 شدت کا زلزلہ: 53 ہلاک، درجنوں زخمی
چین کے ضلع تبت میں آج صبح 7.1 شدت کے زلزلے کے نتیجے میں کم از کم 53 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے، جبکہ متعدد عمارتیں منہدم ہو گئیں۔ غیر ملکی نشریاتی ادارے کے مطابق، ملک نیپال کے دارالحکومت کٹھمنڈو اور بھارت کے کچھ حصوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ چین کے سرکاری نشریاتی ادارے “سی سی ٹی وی” کی جانب سے جاری کی گئی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ زلزلے کے بعد تباہ شدہ مکانات کی دیواریں ٹوٹی ہوئی ہیں اور ملبہ کھنڈرات میں بکھرا پڑا ہے۔
امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت 7.1 ریکارڈ کی گئی، جبکہ چین کے زلزلہ نیٹ ورک سینٹر (سی ای این سی) کے مطابق زلزلے کی شدت 6.8 ریکارڈ کی گئی۔ یہ جھٹکے نیپال کی سرحد کے قریب مقامی وقت کے مطابق صبح 9 بج کر 5 منٹ پر محسوس کیے گئے۔ چینی ادارے نے علاقائی ڈیزاسٹر ریلیف ہیڈکوارٹرز کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ منگل کی صبح 9 بج کر 5 منٹ پر تبت کے خود مختار علاقے ژیزانگ کے شہر ژیگازے میں 6.8 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے نتیجے میں 53 افراد کی موت اور درجنوں کے زخمی ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔
ہمالیہ رینج میں واقع اس علاقے میں پہاڑوں میں آباد کئی آبادیوں تک حکام کو رسائی میں مشکلات کا سامنا ہے۔ نیپال، بنگلہ دیش، بھوٹان اور بھارت میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ مقامی حکام زلزلے کے اثرات کا جائزہ لے رہے ہیں۔