news
رانا ثناء اللہ: مذاکرات کی ڈیڈلائن 28 فروری تک بڑھانے کا مطالبہ
وفاقی مشیر سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے مذاکرات کی تکمیل کی 31 جنوری کی ڈیڈلائن میں 15 دن خود ضائع کر دیئے ہیں، اس لیے ہم مطالبہ کریں گے کہ اب ڈیڈلائن کو بڑھا کر 28 فروری رکھا جائے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ میں یہ نہیں کہہ سکتا کہ تحریری مطالبات پیش نہ کرنے کی وجہ 190 ملین پاؤنڈ کیس کا فیصلہ یا ٹرمپ کا حلف ہے۔ انہوں نے جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے 26 نومبر کے حوالے سے دنیا بھر میں پاکستان کے خلاف جو پروپیگنڈا کیا، اس کی نشاندہی کرنا کوئی نامناسب بات نہیں ہے۔ کل علی امین گنڈاپور نے مذاکراتی کمیٹی میں کہا کہ ہمارے 45 لوگ لاپتا ہیں، جب ان کی لسٹ مانگی گئی تو کہا گیا کہ وہ ہمارے پاس نہیں ہیں، ہم آپ کو دیں گے۔ پھر یہ بھی کہا گیا کہ 13 لوگ قتل ہوئے ہیں، اور جب ان کی لسٹ مانگی گئی تو کہا گیا کہ وہ نہیں ہے۔
پھر وہ کون لوگ تھے جنہوں نے کہا کہ ہمارے 278 لوگ مارے گئے ہیں؟ 2019 میں ننکانہ میں جو فائرنگ ہوئی، اس وقت کی ڈیڈ باڈیز کی تصویر کس نے شیئر کی کہ اسلام آباد میں ہمارے کارکنان کو خون میں نہلا دیا گیا ہے؟ فلسطین کے شہداء کی ایمبولینس کی تصویر کس نے شیئر کی کہ یہ اسلام آباد میں ہوا؟ کس نے 315 کا عدد دیا؟ اور کس نے بعد میں کہا کہ ہمارے ہزاروں کارکنوں کو ڈی چوک میں قتل کر دیا گیا ہے؟ اس ہزاروں ہلاکتوں کے پروپیگنڈے کے بعد اب بات 13 اموات پر آگئی ہے؟