news
عمر ایوب: عمران خان اور دیگر اسیران کی رہائی کا مطالبہ
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمر ایوب نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان، شاہ محمود قریشی اور دیگر تمام اسیران کی رہائی اور جوڈیشل کمیشن کے قیام کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ مذاکرات کے بعد ہمارا موقف بالکل واضح ہے، 9 مئی اور 26 نومبر کے کمیشن کے بارے میں بھی حکومت کو آگاہ کیا گیا ہے۔ عدالت میں پیشی کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے رہنما نے کہا کہ ہم نے حکومت سے یہ بھی کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی تک ہماری رسائی ہونی چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے بانی پی ٹی آئی کو غیر قانونی طور پر جیل میں رکھا ہوا ہے۔ ہم بار بار کہہ چکے ہیں کہ اگر قانون کے مطابق کام نہیں ہوگا تو سرمایہ کاری نہیں ہوگی اور ملک میں لاقانونیت بڑھے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان پر کوئی کیس بنتا ہی نہیں۔
جب تک ملک میں آئین و قانون کی بالادستی نہیں ہوگی، یہی صورت حال برقرار رہے گی۔ حکومتی مذاکراتی ٹیم کو اپنے دوسرے مطالبات، جن میں 9 مئی اور 26 نومبر کی تحقیقات شامل ہیں، بتا دیے گئے ہیں۔
حکومت روزانہ ملک میں ترقی کے دعوے کرتی ہے، ہمیں یہ بتایا جائے کہ پاکستان کہاں ترقی کر رہا ہے؟ عمران خان کا کہنا ہے کہ آئین و قانون کی بالادستی ہونی چاہیے۔ گیس تو بہت دور کی بات ہے، یہاں تو ملک سے اناج غائب ہوگیا ہے۔ سردیوں میں لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے، اور پیچھے کیا رہ گیا ہے؟ دریں اثناء اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ سیشن کورٹ نے 26 نومبر کے حوالے سے بھی کارروائی کی ہے۔