news
وزیراعظم شہباز شریف کا نیا سال 2025 پر قوم کے لیے ترقی اور خوشحالی کا عزم
وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ یہ ملک ہمارے پُرکھوں کی امانت ہے، اور ہم اس کی حفاظت اور ترقی کے لیے اپنا خون پسینہ بہائیں گے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے 2025 کے آغاز پر پاکستانی قوم کو نئے سال کی مبارکباد دی اور دعا کی کہ یہ نیا سال پاکستان کے لیے ترقی اور خوشحالی کا آغاز کرے، اور اس کا سورج ملک میں بہتر مستقبل کی نوید لے کر طلوع ہو۔ آج کے دن ہم اپنے مستحکم، روشن اور خوشحال مستقبل کا عزم کرتے ہیں، اور ہمیں یہ عہد کرنا چاہیے کہ ہم پاکستان کی حفاظت اور ترقی میں اپنے خون پسینے سے حصہ ڈالیں گے اور ملک کو مضبوط بنانے کے لیے محنت کریں گے۔
محمد شہباز شریف نے مزید کہا کہ نئے سال کے موقع پر ہم نے مقامی طور پر تیار کردہ قومی اقتصادی منصوبے “اڑان پاکستان” کا باضابطہ آغاز کیا ہے، جو میری حکومت کے پائیدار ترقی کے حصول کے لیے استحکام کو تقویت دینے کے وژن کی عکاسی کرتا ہے۔ ہم اقتصادی خود انحصاری حاصل کرنے اور اپنی قوم کے لیے روشن اور زیادہ خوشحال مستقبل کی تشکیل کے لیے 2025 میں نئے عزم کے ساتھ داخل ہو رہے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ 2024 پاکستان کے لیے ایک قابل ذکر سال تھا، جہاں ہم نے عزم کے ساتھ معاشی چیلنجوں پر قابو پاتے ہوئے ڈیفالٹ سے ترقی کی طرف قدم بڑھایا۔ ہم نے مشکل مگر ضروری فیصلے کیے جنہوں نے ہماری معیشت کو تباہی سے بچایا۔