news
پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ، ایل پی جی سستی ہوگئی
پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق، شہباز شریف کی حکومت نے نئے سال کی آمد پر عوام کو مہنگائی کا نیا “تحفہ” دیا ہے۔ وفاقی حکومت نے یکم جنوری 2025 سے 15 جنوری 2025 تک پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ کیا ہے۔ پٹرول کی فی لیٹر قیمت 56 پیسے بڑھ کر 252 روپے 66 پیسے مقرر کی گئی ہے۔
جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 2 روپے 96 پیسے کے اضافے سے 258 روپے 34 پیسے ہو گئی ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔ اس سے پہلے یہ بتایا گیا تھا کہ پٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 2 روپے کمی کی توقع تھی، جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 62 پیسے فی لیٹر اضافے کا امکان تھا۔ ذرائع کے مطابق، گزشتہ 15 روز کے دوران بین الاقوامی مارکیٹ میں ایچ ایس ڈی اور ایل ڈی او کی اوسط قیمتوں میں معمولی اضافہ ہوا ہے، جبکہ مٹی کے تیل کی ایکس ریفائنری لاگت میں بھی تھوڑا سا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ تاہم، پٹرول اور ڈیزل دونوں پر درآمدی پریمیم میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ اس وقت پٹرول کی قیمت کا فرق بہت کم ہے، جسے ملک کے اندر فریٹ ایکویلائزیشن مارجن کے اندر ایڈجسٹ کرنے کا امکان ہے۔
ماہرین کے مطابق، ملک میں ایکس ڈپو پٹرول کی قیمت اس وقت 252 روپے 10 پیسے فی لیٹر اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 255 روپے 38 پیسے فی لیٹر ہے، جبکہ حکومت پٹرول اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ کر چکی ہے۔