news
پاراچنار کرم تنازعہ کے حل کے لیے معاہدہ طے پا گیا
صوبہ خیبرپختونخواہ کے علاقہ پاراچنار میں کرم تنازعہ کے حل کے لیے مشران نے ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق، ذرائع کا کہنا ہے کہ کرم میں دو قبائل کے درمیان ہونے والے تنازعے کے پرامن حل کے لیے کوہاٹ میں منعقدہ گرینڈ جرگے میں فریقین نے معاہدے پر دستخط کیے۔ اس معاہدے کے تحت دونوں فریقین بھاری ہتھیار حکومت کے حوالے کرنے پر راضی ہو گئے ہیں۔ کوہاٹ کے گرینڈ جرگے میں مشران نے اس معاہدے پر دستخط کیے، اور کمشنر کوہاٹ آفس میں آج جرگے کے حتمی فیصلے کا اعلان کیا جائے گا۔
بتایا گیا ہے کہ پارا چنار پشاور مرکزی شاہراہ اور اپر کرم کے راستے کئی روز سے بند ہیں، جس کی وجہ سے اپر کرم کو ہر قسم کی سپلائی معطل ہے۔ تحصیل چیئرمین آغا مزمل نے کہا ہے کہ ادویات کی کمی کے باعث علاج نہ ملنے سے 123 بچوں کا انتقال حکومت کے لیے ایک لمحہ فکریہ ہے۔ کرم میں اشیائے ضروریہ کی کمی ہے، اور ہوٹلز، پبلک ٹرانسپورٹ اور کاروباری مراکز تین ہفتوں سے بند ہیں۔
ادھر خیبرپختونخواہ کی صوبائی حکومت نے کرم میں 100 بچوں کی اموات کی خبر کو من گھڑت قرار دیا ہے۔ اس حوالے سے مشیر اطلاعات خیبرپختونخواہ بیرسٹر سیف نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ تمام ضروری ادویات روزانہ کی بنیاد پر ضلع کرم پہنچائی جا رہی ہیں، اور سوشل میڈیا پر ضلع کرم میں ادویات کی قلت سے 100 بچوں کی اموات کی خبر بے بنیاد ہے۔