news
بلاول بھٹو: ایٹمی اثاثوں اور میزائل پروگرام پر سودے بازی نہیں ہوگی
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ ہم اپنے ایٹمی اثاثوں اور میزائل پروگرام پر کسی قسم کی سودے بازی نہیں ہونے دیں گے۔ مختلف ممالک ہماری اندرونی سیاست پر بیانات دے رہے ہیں، اور عمران خان صرف ایک بہانہ ہے، اصل نشانہ ایٹمی پروگرام اور میزائل ٹیکنالوجی ہے۔ یہ لوگ عمران خان کے حق میں کیوں بول رہے ہیں؟ وہ گڑھی خدا بخش میں شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی برسی پر خطاب کر رہے تھے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے 17 ویں یوم شہادت پر اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی جانب سے قوم کو بطور تحفہ دیئے گئے ایٹمی اثاثوں اور میزائل پروگرام پر کسی کو سودے بازی نہیں کرنے دیں گے۔
میڈیا سیل بلاول ہاوَس سے جاری کردہ پریس رلیز کے مطابق، پی پی پی چیئرمین نے اپنی والدہ و پاکستان کی دو بار وزیراعظم منتخب ہونے والی خاتون وزیراعظم شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بی بی شہید نے جس بہادری کے ساتھ اپنی 30 سالہ جدوجہد کی، وہ دنیا کے سامنے اور تاریخ کا حصہ بن چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو دنیا کی پہلی مسلم خاتون وزیراعظم بنیں، اور بلاشبہ وہ اس ملک کی حقیقی نمائندہ تھیں۔ انہوں نے کبھی اپنے نظریے، منشور اور عوامی مفادات سے سمجھوتہ نہیں کیا۔