news
ڈی جی آئی ایس پی آر کا دہشت گردی کے خلاف کامیاب آپریشنز پر بیان
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ افواج پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف ایک طویل جنگ لڑی ہے اور یہ جنگ ابھی جاری ہے۔ مختلف نوعیت کے کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے ہیں۔ انہوں نے راولپنڈی میں پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ رواں سال 59 ہزار 775 آپریشنز کیے گئے ہیں۔ خوارج سمیت 925 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا ہے۔ سیکیورٹی فورسز نے اپنی کارروائیوں میں 27 افغان دہشت گردوں کو بھی ہلاک کیا۔ ملک بھر میں سیکیورٹی کی اہم کارروائیاں جاری ہیں اور یہ ملک دشمن دہشت گردوں کے خلاف آخری خارجی کے خاتمے تک جاری رہیں گی۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سیکیورٹی فورسز نے دشمن کے نیٹ ورک کو پکڑنے اور انہیں کیفر کردار تک پہنچانے میں اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں۔
ان آپریشنز کے دوران 73 ہائی ویلیو ٹارگٹس یعنی انتہائی مطلوب دہشت گردوں کی ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ یہ گزشتہ پانچ سالوں میں مارے جانے والے دہشت گردوں کی سب سے بڑی تعداد ہے۔ دہشت گردی کے ناسور سے نمٹنے کے لیے 169 سے زیادہ آپریشنز افواج پاکستان، انٹیلی جنس پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے سرانجام دے رہے ہیں۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ 5 سال کے مقابلے میں اس سال سب سے زیادہ دہشت گرد مارے گئے ہیں۔ افواج پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف اپنی کوششیں جاری رکھی ہیں۔