news

وزیراعظم شہباز شریف کا کرسمس پر خطاب: امن، ترقی اور اقلیتوں کے حقوق کا عزم

Published

on

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہمیں معاشرتی تفریق کو ختم کرنا ہوگا اور دنیا میں امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے۔ وزیراعظم ہاؤس میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ قرآن پاک میں حضرت عیسیٰ علیہ السلام کا تفصیل سے ذکر موجود ہے، اور بطور مسلمان ہم انہیں اللہ کا نبی مانتے ہیں۔ اللہ پاک نے انہیں کئی معجزات سے نوازا، اور قرآن میں حضرت عیسیٰ کی والدہ حضرت مریم علیہ السلام کا بھی ذکر ہے۔ آج حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی جائے پیدائش پر قتل و غارت کا بازار گرم ہے، اور پوری دنیا میں جہاں بھی مسیحی برادری موجود ہے، انہیں چاہیے کہ اس خونریزی کو ختم کرنے کے لیے اپنی تمام کوششیں کریں۔ مسیحی برادری کو حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے امن کے مشن پر عمل کرنے کے لیے بھی کوششیں کرنی چاہئیں۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ میں اور میرے بڑے بھائی نوازشریف، دونوں مشنری سکولوں کے فارغ التحصیل ہیں۔ آج ہماری استاد مس پاؤل دنیا میں موجود نہیں، لیکن آج کا دن ہمیں یہ سبق دیتا ہے کہ ہمیں مل کر امن اور ترقی کو فروغ دینا ہے، تفریق کا خاتمہ کرنا ہے، اور تحمل و برداشت سے کام لینا ہے۔ ہمیں اقلیتوں کے حقوق کا خیال رکھنا چاہیے اور ان کا احترام کرنا چاہیے تاکہ وہ بھی خود کو ملک کا برابر کا شہری سمجھیں اور ہمارے ساتھ مل کر پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں حصہ ڈال سکیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version