news
فیس لیس ایسسمنٹ سسٹم کے ذریعے 2025 تک گڈز ڈیکلیریشن 24 گھنٹوں میں مکمل
کراچی:
فیس لیس ایسسمنٹ سسٹم کے تحت سال 2025 کی پہلی سہ ماہی تک داخل کردہ گڈز ڈکلیریشن کو 24 گھنٹوں میں مکمل کیا جائے گا۔
یہ بات چیف کلکٹر اپریزمنٹ جمیل ناصر نے ایس اے پی ٹی میں سینٹرلائزڈ اپریزنگ ایسسمنٹ یونٹ میں پریس کانفرنس کے دوران کہی۔
انھوں نے مزید کہا کہ نئے سسٹم کے فعال ہونے سے محصولات میں کوئی کمی نہیں آئی، بلکہ فیس لیس ایسسمنٹ سسٹم کی بدولت ریونیو کا حجم بھی بڑھ گیا ہے۔ گذشتہ 9 دنوں میں ریونیو وصولیاں گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 46.6 ارب روپے سے بڑھ کر 61.2 ارب روپے تک پہنچ چکی ہیں۔
انھوں نے یہ بھی بتایا کہ دسمبر 2023 میں ڈیوٹی وٹیکس کی وصولیاں 170 ارب روپے تھیں، جبکہ دسمبر 2024 میں یہ رقم بڑھ کر 204 ارب روپے ہوگئی ہے۔
درآمدات بغیر کسی رسمی یا غیر رسمی اضافی لاگت کے کلیئر کی جا رہی ہیں۔ نیا سسٹم مؤثر طریقے سے فرسٹ ان فرسٹ آؤٹ کے اصول کے تحت کام کرتا ہے۔
15 دسمبر سے فیس لیس ایسسمنٹ سسٹم کا باقاعدہ آغاز کیا گیا، جس کے ذریعے 15 دسمبر سے 23 دسمبر تک 5500 گڈز ڈیکلیریشنز کو کلیئر کیا گیا۔