news
جماعت اسلامی کے کسان مارچ اور فلسطین یکجہتی ملین مارچ کا اعلان
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ 25 دسمبر کو منڈی بہاوالدین سے کسان مارچ کا آغاز کریں گے اور کسانوں کے حقوق کی تحریک کو پورے ملک میں پھیلائیں گے۔ زراعت اور چھوٹے کسانوں کے مسائل کسی اور سیاسی پارٹی کے ایجنڈے میں شامل نہیں ہیں۔ 29 دسمبر کو اسلام آباد میں فلسطین یکجہتی ملین مارچ بھی کریں گے۔
انہوں نے حکومت کو واضح کیا ہے کہ بجلی بلز کے معاملے میں ہم سردیوں تک ہی برداشت کریں گے، ورنہ دوبارہ آئیں گے۔ یہ جماعت اسلامی کی تحریک کی کامیابی ہے کہ آج حکومت آئی پی پیز سے بات چیت کر رہی ہے، جبکہ حکمران پہلے کہتے تھے کہ آئی پی پیز کے معاہدوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی جا سکتی۔ حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات خوش آئند ہیں، اور دونوں فریقین کو ملک کی بہتری کے لیے بہتر فیصلے کرنے چاہئیں۔ پی ٹی آئی کے ایجنڈے میں فارم پینتالیس بھی شامل ہونا چاہیے۔
حکومت کو چاہیے کہ وہ انٹرنیٹ کی سروس کو بہتر بنائے، کیونکہ انٹرنیٹ کی بندش اور سست سروس کی وجہ سے لاکھوں نوجوانوں کا روزگار متاثر ہو رہا ہے۔ کرم میں صورتحال بہت خراب ہے اور بلوچستان کے حالات بھی اچھے نہیں ہیں، بلوچوں کو عزت دی جائے اور صوبے کی محرومیاں دور کی جائیں۔ آپریشن مسائل کا حل نہیں ہیں، وفاقی اور صوبائی حکومتیں کرم کے مسائل کو مذاکرات کے ذریعے حل کریں، اور افغانستان سے بھی بات چیت کی جائے۔
یہ خیالات انہوں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران پیش کیے۔