news
پیپلزپارٹی اور ن لیگ کے درمیان حکومتی امور پر اتفاق
پاکستان پیپلزپارٹی اور پاکستان مسلم لیگ ن کے درمیان مختلف حکومتی امور پر اتفاق رائے طے پا گیا ہے۔ محکموں میں پوسٹنگ اور ٹرانسفرز کے حوالے سے پیپلزپارٹی سے مشاورت کی جائے گی۔ میڈیا کی رپورٹس کے مطابق، ن لیگ اور پیپلزپارٹی کی کوآرڈی نیشن کمیٹیوں کا اجلاس ہوا، جس کے آغاز میں ہی پیپلزپارٹی نے ن لیگ کے سامنے اپنا دوٹوک موقف پیش کیا۔
پیپلزپارٹی نے کہا کہ اگر ن لیگ اتحادی حکومت کے معاملات کو آگے نہیں بڑھانا چاہتی تو انہیں واضح طور پر بتانا چاہیے، تاکہ ہم اپنا آئندہ لائحہ عمل خود طے کر سکیں۔ ن لیگ نے جواب میں کہا کہ وہ پیپلزپارٹی کے تحفظات دور کر کے معاملات کو آگے بڑھانے کی کوشش کریں گے۔ دونوں جماعتوں کی کوآرڈی نیشن کمیٹی کے اجلاس میں مختلف امور پر اتفاق رائے ہوا، جس کے تحت رحیم یار خان اور ملتان کی ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمیٹیوں کی سربراہی پیپلزپارٹی کو دینے پر اتفاق کیا گیا۔
جیتنے والے حلقوں میں ن لیگ اور پیپلزپارٹی کے منتخب ارکان اسمبلی کو مساوی فنڈز فراہم کرنے پر بھی اتفاق ہوا۔ ضلعی سطح پر مختلف کمیٹیوں میں پیپلزپارٹی کو نمائندگی دی جائے گی۔ محکموں میں پوسٹنگ اور ٹرانسفرز کے حوالے سے پیپلزپارٹی سے مشاورت کی جائے گی۔ اجلاس میں شرکاء نے کہا کہ گورنر اور وزیراعلیٰ پنجاب کے درمیان کوئی اختلاف نہیں ہے۔ دوسری جانب، صدر مملکت آصف علی زرداری سے وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے پیر کو ایوان میں ملاقات کی۔